آج کا انتخاب - شاعر: مجاز لکھنوی
آج کا انتخاب
شاعر: مجاز لکھنوی
-----------------------------
دیکھنا جذب محبّت کا اثر آج کی رات
میرے شانے پہ ہے اس شوخ کا سر آج کی رات
نور ہی نور ہے جس سمت اٹھاؤں آنکھیں
حسن ہی حسن ہے تا حد نظر آج کی رات
الله الله وہ پیشانی سیمیں کا جمال
رہ گئی جم کے ستاروں کی نظر آج کی رات
عارض گرم پہ وہ رنگ شفق کی لہریں
وہ میری شوخ نگاہی کا اثر آج کی رات
نرگس ناز میں وہ نیند کا ہلکا سا خمار
وہ مرے نغمہ شیریں کا اثر آج کی رات
میری ہر سانس پہ وہ انکی توجہ ، کیا خوب
میری ہر بات پہ وہ جنبش سر آج کی رات
وہ تبسّم ہی تبسّم کا جمال پیہم
وہ محبّت ہی محبّت کی نظر آج کی رات
اف ،وہ وارفتگئ شوق میں اک وہم لطیف
کپکپاتے ہوئے ہونٹوں پہ نظر آج کی رات
-----------------------------
گزرگاہ خیال فورم
0 comments