حال دل
ايک دفع كا ذكر ہے كه عربوں كے ايک اصطبل ميں بہت سے گدهے رہتے تهے
اچانک كيا ہوا كه ايک نوجوان گدهے نے كهانا پينا چهوڑ ديا،
بهوکوں اور فاقوں سے اسكا جسم لاغر و كمزور ہوتا گيا، كمزورى سے تو بيچارے كے كان بهى لٹک كر ره گئے.
گدهے كا باپ اپنے گدهے بيٹے كى روز بروز گرتى ہوئى صحت كو ديكهـ رہا تها.
ايک دن اس سے رہا نه گيا اس نے اپنے گدهے بيٹے سے اسكى گرتى صحت اور ذہنى و نفسياتى پريشانيوں كا سبب جاننے كيلئے تنہائى ميں بلا كر پوچها، بيٹے كيا بات ہے، ہمارے اصطبل ميں تو اعلى قسم كى جو كهانے كيلئے دستياب ہيں، مگر تم ہو كه فاقوں پر ہى آماده ہو، تمہيں ايسا كونسا روگ لگ گيا ہے، آخر مجهے بهى تو كچهـ تو بتاؤ، كيا كسى نے تيرا دل دكهايا ہے يا كوئى تكليف پونہچائى ہے؟
گدهے بيٹے نے اپنا سر اٹهايا اور ڈبڈباتى آنكهوں سے اپنے گدهے باپ كو ديكهتے ہوئے كہا، ہاں اے والدِ محترم، ان انسانوں نے تو ميرا دل ہى توڑ كر ركهـ ديا ہے.
كيوں! ايسا كيا كيا هے ان انسانوں نے تيرے ساتهـ؟
"يه انسان هم گدهوں كا تمسخر اڑاتے ہيں".
"وه كيسے؟" باپ نے حيرت سے پوچها.
بيٹے نے جواب ديا: كيا آپ نہيں ديكهتے كسطرح بلا سبب هم پر ڈنڈے برساتے ہيں، اور جب خود انہى ميں سے كوئى شرمناک حركت كرے تو اسے گدها كہہ كر مخاطب كرتے ہيں. كيا ہم ايسے ہيں؟
اور جب ان انسانوں كى اولاد ميں سے كوئى گٹهيا حركت كرے تو اسے گدهے سے تشبيہ ديتے ہيں.
اپنے انسانوں ميں سے جاہل ترين لوگوں كو گدها شمار كرتے ہيں، اے والد محترم كيا ہم ايسے ہيں؟
ہم ہيں كه بغير سستى اور كاہلى كے ان كيلئے كام كرتے ہيں، ہم ان سب باتوں كو خوب سمجهتے اور جانتے ہيں، ہمارے بهى كچهـ احساسات ہيں آخر!
گدها باپ خاموشى سے اپنے گدهے بيٹے كى ان جذباتى اور حقائق پر مبنى باتوں كو سنتا رہا، اس سے كوئى جواب نہيں بن پا رہا تها، وه جانتا تها كه اسكا بيٹا اس كم عمرى ميں كيسى اذيت ناک سوچوں سے گزر رہا ہے، اسے يہ بهى علم تها كہ صرف كهڑے كهڑے كانوں كو دائيں بائيں ہلاتے رہنے سے بات نہيں بنے گى، بيٹے كو اس ذہنى دباؤ اور پريشانى سے نكالنے كيلئے كچهـ نہ كچهـ جواب تو دينا ہى پڑے گا.
لمبى سى ايک سانس چهوڑتے ہوئے اس نے كہنا شروع كيا كہ اے ميرے بيٹے سن: يہ وه انسان ہيں جنكو الله تعالى نے پيدا فرما كر سارى مخلوقات پر فوقيت ديدى، ليكن انہوں نے ناشكرى كى، انہوں نے اپنى بنى نوع انسانوں پر جو ظلم و ستم ڈهائے ہيں وه ہم گدهوں پر ڈهائے جانے والےظلم و ستم سے ہزار ہا گنا زياده ہيں. مثال كے طور پر يہ ديكهو:
كبهى تو نے ايسا ديكها يا سنا ہے كہ كوئى گدها اپنے گدهے بهائى كا مال و متاب چُراتا ہو؟
يا تو نے كبهى ايسا ديكها يا سنا ہے كہ كسى گدهے نے اپنے ہمسائے گدهے پر شبخون مارا ہو؟
يا تو نے كبهى ايسا ديكها يا سنا ہے كہ كوئى گدها اپنے ہم جنس گدهے كى پيٹهـ پيچهے غيبت يا برائياں كرتا ہو؟
يا تو نے كبهى ايسا ديكها يا سنا ہے كہ كوئى گدها اپنے گدهے بهائى يا اسكے كسى بچے سے گالم گلوچ كر رہا ہو؟
يا تو نے كبهى ايسا ديكها يا سنا ہے كہ كوئى گدها اپنى بيوى اور بچوں كى مار كٹائى كرتا ہو؟
يا تو نے كبهى ايسا ديكها يا سنا ہے كہ گدهوں كى بيوياں يا بيٹے اور بيٹياں سڑكوں پر يا كيفے وغيره پر فضول وقت گزارى كرتے ہوں؟
يا تو نے كبهى ايسا ديكها يا سنا ہے كہ كوئى گدهى يا گدها كسى اجنبى گدهے كو دهوكہ دينے يا لوٹنے كى كوشش كر رہے ہوں؟
يا تو نے كبهى ايسا ديكها يا سنا ہے كہ امريكى گدهے عرب گدهوں كو قتل كرنے كى منصوبه بندى كر رہے ہوں اور وه بهى صرف اسلئے كه ان كے جو حاصل كر سكيں؟
يا تو نے كبهى ايسا ديكها يا سنا ہے كہ گدهوں كا كوئى گروه آپس ميں محض جو كے چند دانوں كيلئے باہم دست و گريبان ہو جس طرح يہ انسان آٹا اور چينى كى لائنوں ميں باہم دست و گريبان نظر آتے ہيں.
يقيناً تو نے يہ انسانى جرائم ہم گدهوں ميں كبهى نہ ديكهے اور نہ سنے ہونگے، جبكہ انسانى جرائم كى فہرست تو اتنى طويل ہے كہ بتاتے بهى كليجہ منہ كو آتا ہے.
يقين كرو يہ انسان جو كچهـ مار پيٹ اور پر تشدد برتاؤ ہمارے ساتهـ روا ركهتے ہيں وه محض ہمارے ساتهـ حسد اور جلن كى وجہ سے ہے كيونكہ يہ جانتے ہيں كہ ہم گدهے ان سے كہيں بہتر ہيں، اور اسى لئے تو يہ ايک دوسرے كو ہمارا نام پكار كر گالياں ديتے ہيں. جبكہ حقيقت يہ ہے كہ ہم ميں سے كمترين گدها بهى ايسے كسى فعل ميں ملوث نہيں پايا گيا جس ميں يه حضرت انسان مبتلا ہيں.
بيٹے يہ ميرى تجهـ سے التجا ہے كہ اپنے دل و دماغ كو قابو ميں ركهـ، اپنے سر كو فخر سے اٹها كر چل، اس عہد كے ساتهـ كہ تو ايک گدها اور ابن گدها ہے اور ہميشه گدها ہى رہے گا.
ان انسانوں كى كسى بات پر دهيان نہ دے، يہ جو كہتے ہيں كہا كريں، ہمارے لئے تو اتنا فخر ہى كافى ہے كہ ہم گدهے ہو كر بهى نہ كبهى قتل و غارت كرتے ہيں اور نہ ہى كوئى چورى چكارى، غيبت، گالم گلوچ، خيانت، دهشت گردى يا آبروريزى.
گدهے بيٹے كو يہ باتيں اثر كر گئيں، اس نے اٹهـ كر جو كے برتن ميں منہ مارتے ہوئے كہا كہ اے والد، ميں تيرے ساتهـ اس بات كا عہد كرتا ہوں كه ميں ہميشہ گدها ابن گدها رہنے ميں ہى فخر اور اپنى عزت جانوں گا.
آپكى تفريح طبع كيلئے ايک گدهے كى دردناک كہانى كا عربى سے اردو ميں ترجمه كيا ہے، لمحه فكريه تو ہے ہى، مگر آپكے هونٹوں پر مسكراہٹ لا سكا تو سمجهوں گا ميرى كاوش رائيگاں نہيں گئى.