From the writter's desk --- in Urdu >>>
کامیاب انسان | ||
لی آئی کوکا (Lee Iacocca) کی پیدائش 1924 میں ہوئی۔ ان کے والدین بہت غریب تھے اور وہ تلاشِ معاش میں اٹلی چھوڑ کر امریکہ چلے گئے۔ آئی کوکا نے محنت سے تعلیم حاصل کی اور انجینئرنگ میں ماسٹر کی ڈگری لی۔ تعلیم کے بعد مسٹر آئی کوکا کو فورڈ موٹر کمپنی میں ملازمت مل گئی۔ وہ ترقی کرتے رہے۔یہاں تک کہ وہ فورڈ کمپنی کے پریزیڈنٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ہنری فورڈ دوم سے ان کا اختلاف ہوگیا۔ 1978 میں انھیں فورڈ کمپنی کو چھوڑ دینا پڑا۔
آئی کوکا کو ایک اور کمپنی کی صدارت مل گئی۔ جس کا نام کرسلر کارپوریشن (Chrysler Corporation) ہے۔ یہ کمپنی اس وقت بالکل دیوالیہ ہوگئی تھی۔ آئی کوکا نے تین سال کی غیر معمولی محنت سے اس کو کامیابی کے ساتھ چلایا۔ حتی کہ اب وہ فخر کے ساتھ کہتے ہیں: I am the company.
آئی کوکا نے اپنی سوانح عمری لکھی جس کا نام ہے (Iacocca: An Authobiography) اس خود نوشت سوانح عمری میں بہت سے قیمتی تجربات ہیں۔ انھوں نے اپنے ایک تجربہ کو ان الفاظ میں بیان کیا ہے: ’’کامیابی کی کنجی معلومات اور ڈگریاں نہیں ہیں۔ یہ دراصل افراد ہیں۔ اور میں اپنی کمپنی کے بڑے عہدوں کے لیے جس قسم کے افراد کی تلاش میں رہتا ہوں وہ عمل کے شائق لوگ ہیں۔ یہ وہ آدمی ہیں جو اس سے زیادہ کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں جتنی ان سے کرنے کی امید کی گئی ہو۔‘‘، (ٹائمس آف انڈیا، 22 ستمبر 1985)
امید سے زیادہ کام کرنا سنجیدہ اور باعمل آدمی کی قطعی پہچان ہے۔ جو لوگ امید سے زیادہ کام کرنے کی کوشش کریں وہی وہ لوگ ہیں جو اپنی زندگی میں امید سے زیادہ کامیاب ہوتے ہیں۔ |